لاہور 25 ستمبر (اے پی پی): اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب میں جدید فیسلیٹیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ اس سہولت کے تحت شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ فیسلیٹیشن سینٹر میں پولیس، ریونیو اور اوورسیز کمیشن کے نمائندے ہر وقت موجود رہیں گے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے مسائل کا بروقت حل فراہم کیا جا سکے۔ اوورسیز پاکستانی اب فرد، ڈگری اور دیگر متعلقہ امور کا حل ایک ہی جگہ پر حاصل کر سکیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر مانیٹرنگ سسٹم کی بدولت شکایات کے شفاف ازالے کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آن لائن سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ اوورسیز کمیشن پنجاب نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل اولین ترجیح ہے۔











