لاہور، 26 ستمبر (اے پی پی): ترجمان وزارتِ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اہم کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ دہائیوں کا سفر صرف تین سے پانچ ماہ میں مکمل ہو رہا ہے، اور یہ منصوبہ اپنے مقررہ ہدف کے قریب پہنچ چکا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 97 ارب 3 کروڑ روپے سے زائد رقم مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ 17 ہزار 124 گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ قرضہ جات کی مد میں 1 ارب 97 کروڑ روپے واپس کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر تعمیر 74 ہزار 281 گھروں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر ہاؤسنگ کے مطابق “اپنی چھت، اپنا گھر” پورٹل پر 16 لاکھ 17 ہزار 156 افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، جو ایک روشن مستقبل کی امید ہے۔ اب تک 8 لاکھ 34 ہزار 161 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مقرر کردہ ہدف کے مطابق ایک لاکھ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر نومبر تک مکمل کر لی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ولید اقبال نے وزیر ہاؤسنگ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کی اصلیت عوام کے سامنے آ چکی ہے، سستی روٹی اور اپنے گھروں کی تعمیر کے خواب اب حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔











