ملتان 29 ستمبر (اے پی پی ): جنوبی پنجاب کے کچہ ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ پولیس کو جدید آلات اور اسلحہ سے لیس کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرلی گئیں جن میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کی تجویز بھی شامل ہے۔ کچہ ایریا میں سماجی ترقی، تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی سے متعلق اقدامات کو بھی سفارشات میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ فیصلے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی پولیس محمد کامران خان نے کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ایک انچ زمین کو بھی نوگو ایریا نہیں بننے دیا جائے گا، کچہ میں قانون کی عملداری کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید اسلحہ اور آلات دینے کی سفارشات حکومت کو بھیجی جارہی ہیں، زیر تعمیر پولیس پکٹس اور بیس کیمپس جلد مکمل کیے جائیں گے، کچہ ایریا کے عوام کو روزگار کے لیے آسان قرضے فراہم کرنے اور بچیوں کے لیے سکولز و صحت گھر قائم کرنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔ لائیوسٹاک کی ترقی کے لیے لائیوسٹاک سنٹر بھی قائم ہوں گے۔ انہوں نے پولیس کو سپورٹ فراہم کرنے پر رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے کہا کہ کچہ میں فیصلہ کن آپریشن کے لیے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنا ناگزیر ہے۔ پنجاب پولیس جرائم پیشہ عناصر کو کچلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ کچہ کے کرمنلز کے سہولت کاروں کا بھی قلع قمع کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس امن کے قیام کے لیے جان کی قربانیاں دے رہی ہے۔
آر پی او ڈی جی خان کیپٹن(ر) سجاد حسن خان نے اجلاس کو کچہ ایریا بارے مفصل بریفنگ دی اور کچہ اسپیشل فورس کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ٹریک اے پی وی اور تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس ہتھیار دیے جائیں جبکہ راجن پور میں مزید دس پولیس پکٹس اور ایک بیس کیمپ قائم کیا جائے۔
کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ کچہ ایریا میں چھ سڑکیں، بارہ گرلز سکول اور سات صحت گھر قائم کیے جائیں گے۔ ڈی سی رحیم یار خان خرم پرویز نے دانش سکول کے قیام اور کچے کے طلبہ کے لیے کوٹہ مقرر کرنے کی تجویز دی۔
اجلاس میں کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری، کمشنر بہاولپور مسرت جبیں، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن(ر) سجاد حسن خان، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، ڈی پی او ڈی جی خان کیپٹن(ر) طارق ولائیت، ڈی پی او راجن پور فاروق احمد اور رینجرز حکام شریک ہوئے۔ ڈی سی رحیم یارخان خرم پرویز اور ڈی پی او عرفان علی نے ورچوئل شرکت کی، جبکہ پولیٹیکل اسسٹنٹ ڈی جی خان امیر تیمور، پولیٹیکل اسسٹنٹ راجن پور ناصر ڈوگر، ایڈیشنل سیکرٹریز ظہور حسین بھٹہ، عبدالصبور ٹھاکر اور پی ایس او غلام سرور بھی موجود تھے۔











