لاہور 29 سمتبر 🙁 اے پی پی ) پنجاب لائبریری فاؤنڈیشن بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس قائداعظم لائبریری میں چیئرمین بورڈ جاوید اسلم کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے لیے بجٹ تخمینہ منظور کیا گیا۔ اجلاس میں بچوں میں کتب بینی اور داستان گوئی کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرامز کا اعلان کیا گیا، جو علم و ادب کے شعبے میں نئی روح ڈالنے کے لیے اہم قدم ہے۔
چیئرمین جاوید اسلم نے اجلاس کے دوران کہا کہ یہ فیصلے علم و ادب کے فروغ کے لیے بورڈ کی پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہر اقدام تعلیم و تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہو۔اجلاس میں سیکرٹری علی بہادر قاضی نے انڈوومنٹ فنڈ کے شفاف استعمال پر بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر عبد الرحمٰن آصف نے لائبریریوں کے فنڈز اور اہداف پر پریزنٹیشن دی۔ اس موقع پر سابق ڈی جی پی آر اطہر علی خان، کنول آمین، شاہد حسین، نوشین فاطمہ اور رخشندہ کوکب سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
اجلاس کا مقصد علم و ادب کی ترقی کے لیے عملی منصوبہ بندی کرنا اور لائبریری کی خدمات کو مزید مؤثر بنانا تھا، تاکہ نوجوان نسل کو کتابوں سے محبت پیدا ہو اور وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔











