ملتان ،03 اکتوبر (اے پی پی )؛ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے ملتان ڈویژن میں صفائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر نے نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ای او عبدالرزاق ڈوگر نے گزشتہ روز ملتان ڈویژن کی مختلف تحصیلوں کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی کے معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور صفائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ کی تلفی اور عملہ کی کارکردگی بارے رائے بھی لی۔عبدالرزاق ڈوگر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “ستھرا پنجاب پروگرام” کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی کی حامل نجی کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔دورے کے دوران ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق نے سی ای او کو صفائی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔سی ای او نے کہا کہ عوامی ریلیف حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لیے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی کے عملے سے تعاون کریں تاکہ شہر کو حقیقی معنوں میں صاف ستھرا اور ماڈل ڈویژن بنایا جا سکے۔











