“ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پیداواریت کے فروغ” کے موضوع پر چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا آغاز

23

اسلام آباد، 6 اکتوبر )اے پی پی):نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن (این پی او) کے زیر اہتمام اور ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن، ٹوکیو کے تعاون سے “ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پیداواریت کے فروغ” کے موضوع پر چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا آغاز ہوا۔ ورکشاپ میں ایشیا و بحرالکاہل کے مختلف ممالک سے ماہرین، پالیسی سازوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر شرکاء کو بتایا گیا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹلائزیشن مختلف شعبوں میں کارکردگی بڑھانے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹولز کے مؤثر استعمال سے اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

ورکشاپ کے دوران ڈیجیٹل تبدیلی، پالیسی سازی، اور تنظیمی سطح پر نئے طریقہ کار اپنانے کے حوالے سے مختلف ماہرین نے اپنے تجربات اور مطالعات پیش کیے۔ شرکاء کو عالمی سطح پر کامیاب مثالوں اور جدید رحجانات سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے اداروں میں ڈیجیٹل اصلاحات کو مؤثر انداز میں لاگو کر سکیں۔

ورکشاپ کا مقصد ادارہ جاتی استعداد میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، اور خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے تاکہ ڈیجیٹل ترقی کے فوائد زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچ سکیں۔