گندم سے متعلق اجلاس، کاشتکاروں سے گندم کی فصل 3500 روپے فی من خریدنے کے لیے حکومتِ پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر میں معاہدہ

16

لاہور،08 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت گندم سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاشتکاروں سے گندم کی فصل 3500 روپے فی من کے حساب سے خریدنے کے لیے حکومتِ پنجاب اور نجی شعبے کے درمیان معاہدہ طے پایا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کی کاشت، پیداوار اور موجودہ ذخائر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کی کوئی کمی نہیں، صوبے کے پاس وافر ذخائر موجود ہیں، جب کہ آئندہ سال کی گندم خریداری کے لیے جامع پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں،انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار مفت ٹریکٹر فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ جدید مشینری سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گندم کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے اربوں روپے کے زرعی مداخل فراہم کیے جا چکے ہیں، جن میں کھاد، بیج اور زرعی ادویات شامل ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام اقسام کی کھاد کنٹرول ریٹ پر وافر مقدار میں دستیاب ہے، تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گندم خریداری کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور کاشتکار دوست بنایا جائے تاکہ صوبے بھر کے کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ مل سکے۔