لاہور، 08 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر نے نئی مشینری کی حوالگی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ کی شاباش نے ستھرا پنجاب کی پوری ٹیم کے دل جیت لیے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نئی مشینری آنے سے ویسٹ کلیکشن کے نظام کی استعداد کار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کسی ضلع کو محروم نہیں رکھا، اب اربن فلڈنگ کے دوران کسی ضلع کو دوسرے ضلع سے مدد مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بھرپور اعتماد پر پورا اتریں گے اور ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ صفائی کا کلچر پنجاب بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں 85 لاکھ 55 ہزار ٹن ویسٹ اٹھایا گیا ہے۔ “ہم اب ایک جگہ سے کوڑا دوسری جگہ پھینکنے کی بجائے محفوظ ڈمپنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں 28 ہزار 927 مشینری یونٹس فیلڈ میں مصروف عمل ہیں، جبکہ 68 ہزار 858 کنٹینرز اور 3 لاکھ 284 آلات ستھرا پنجاب کے نظام کا حصہ ہیں۔ پنجاب بھر میں 3 ہزار 917 ویسٹ انکلوژرز اور 374 عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس وقت صوبے میں 141 لینڈفل سائٹس فعال ہیں، ہر تحصیل میں کم از کم ایک لینڈفل سائٹ موجود ہے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات پر ایکشن لینے کی شرح 99 فیصد ہے، جو ستھرا پنجاب ٹیم کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔











