صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوانِ صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمن سہگل کی ملاقات

15

لاہور،08 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوانِ صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور انڈسٹریلائزیشن سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری اور لاہور چیمبر آف کامرس کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے اور صنعتی شعبے کے فروغ کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے صوبائی وزیر کو لاہور چیمبر کے دورے کی دعوت دی جسے صوبائی وزیر نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد لاہور چیمبر کا دورہ کریں گے اور صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے فہیم الرحمن سہگل کو لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کے باعث صنعتی سرگرمیاں تیزی سے فروغ پا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 9 نئے کارخانے لگنے جا رہے ہیں جبکہ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی بار 6 کارخانے قائم کیے جا رہے ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ رحیم یار خان ایئرپورٹ کے آپریشنل ہونے سے مقامی انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئی سرمایہ کاری آئے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی اور شیخوپورہ میں فارماسیوٹیکل ویلی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں چین کی کمپنی وی وو (Vivo) اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگا رہی ہے، جس کے بعد جلد پنجاب میں وی وو موبائل تیار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ کا آغاز اور کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ لاہور چیمبر کو بائیو گیس پلانٹ کے قیام کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے کارخانوں کے قیام سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر پاکستان کا سب سے بڑا چیمبر ہے جس کے 45 ہزار ممبران ہیں۔ صنعتی ترقی کے عمل میں تیزی لانے کے لیے محکمہ صنعت و تجارت اور لاہور چیمبر کے درمیان مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور سابق نائب صدر لاہور چیمبر ظفر محمود بھی شریک تھے۔