سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل کا اجلاس، دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا

9

اسلام آباد، 8اکتوبر(اے پی پی):اسلام آباد میں آج سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کی اعلیٰ حکومتی شخصیات اور کاروباری برادری کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے جو سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی، معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور تعمیرات جیسے شعبے باہمی تعاون کے وسیع امکانات رکھتے ہیں، جنہیں مشترکہ کوششوں سے عملی شکل دی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے “ون ونڈو” نظام متعارف کرایا جا رہا ہے اور کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔