اسلام آباد، 13 اکتوبر(اے پی پی ): قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام سہ فریقی اسپیکرز کانفرنس کا افتتاحی اجلاس جاری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سہ فریقی اسپیکرز میٹنگ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی کانفرنس کا موضوع، برادرانہ تعلقات کا استحکام، علاقائی امن و خوشحالی کے لیے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے آذربائیجان اور ترکیہ کے اسپیکرز کو خوش آمدید کہا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آذربائیجان اور ترکیہ کی سہ فریقی اجلاس میں شرکت پاکستان کے لیے باعثِ مسرت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا سہ فریقی تعاون منفرد اور اسٹریٹجک شراکت داری کی مثال ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عالمی سلامتی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔ اقوامِ عالم میں اصولِ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں دو سالہ ظلمِ و بربریت انسانیت کے ضمیر پر بدنما داغ رہے گا اسی طرح کشمیری عوام سات دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مئی میں پاکستان پر کھلی جارحیت کی۔ قوم اور افواجِ پاکستان نے “آپریشن بنیان المرصوص” سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارت کا جھوٹ اور پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت کی آبی معاہدے کو روکنے کی دھمکیاں اس کے خطرناک عزائم کا مظہر ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک خصوصاً ترکیہ، آذربائیجان، چین اور سعودی عرب کا شکر گزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و احترامِ خودمختاری کی پالیسی اپنائی ہے۔دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں، اسے اجتماعی طور پر ختم کرنا ہوگا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہوشمند، درست اور مؤثر کارروائی سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے،شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ سیلاب جیسے سانحات عالمی ماحولیاتی ناانصافی کا ثبوت ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی سالمیت پر پارلیمانی گول میز کانفرنسز وقت کی اہم ضرورت ہیں ۔موسمیاتی انصاف اور عالمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوامی نمائندگی کا واحد ادارہ ہے جو امن و ترقی کی سمت رہنمائی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمان باہمی تعلقات کے استحکام کے خواہاں ہیں،سہ فریقی پارلیمانی تعاون علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہوگا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہماری مشترکہ کوششیں علاقائی استحکام اور عوامی خوشحالی کا پیش خیمہ ہوں گی ۔ انہوں نے ترکیہ اور آذربائیجان کے اسپیکرز کا سہ فریقی اسپیکرز میٹنگ میں شرکت پر اظہار تشکر کیا اور تینوں ممالک کی دوستی اعتماد، محبت اور اخوت پر مبنی ہے،پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کی دوستی زندہ باد۔ پاکستان زندہ باد، آذربائیجان زندہ باد، ترکیہ زندہ آباد۔











