ملتان 13 اکتوبر )اے پی پی): ضلع بھر میں زیادہ گندم اگاؤ مہم 2025 کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں رضا ہال ملتان میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار زیادہ گندم اگا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔ وسیم حامد سندھو نے مزید کہا کہ بروقت کاشت اور جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے سے فی ایکٹر پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زیادہ گندم اگانے کے حکومتی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے محکمہ زراعت سے مکمل تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زیادہ گندم اگاؤ مہم صرف ایک زرعی پروگرام نہیں بلکہ ملکی خود کفالت کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
سیمینار سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شاہد اقبال چیمہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کسان دوست حکومتی پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے آخر میں کاشتکاروں نے زیادہ گندم اگا کر حکومت کی مہم میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔











