لاہور، 22 اکتوبر (اے پی پی): چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ سے جاز کیش کے وفد نے ملاقات کی، جس میں متاثرہ خواتین کی مالی معاونت، خود مختاری اور بااختیاری کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عائشہ اکرم نے خصوصی طور پر شرکت کی اور خواتین کے لیے مالی معاونت کے جدید طریقہ کار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کے لیے ایک محفوظ، بااختیار اور خود کفیل پنجاب کی تشکیل ہمارا حتمی ہدف ہے۔
انھوں نے بتایا کہ متاثرہ خواتین کے لیے”سروائیورز اے ٹی ایم کارڈ “ متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے ذریعے فوری اور شفاف مالی امداد فراہم کی جا سکے گی۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور جاز کیش کے اشتراک سے متاثرہ خواتین کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مالی معاونت کا ایک مربوط اور محفوظ نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان جلد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین کو فوری، شفاف اور باعزت مالی مدد فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرپرسن نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے نجی شعبے کے اشتراک کو نہایت مثبت قدم سمجھتی ہے، اور جاز کیش جیسے اداروں کا تعاون خواتین کے مالی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ملاقات میں جاز کیش کی پبلک سیکٹر پارٹنرشپس ٹیم کے اراکین عارف محمود چوہدری، عثمان نذیر شیخ اور ولید خان نے شرکت کی۔ شرکاء نے خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جنہیں حنا پرویز بٹ نے سراہا۔











