لاہور, 24 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشاء اللہ بٹ سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ملاقات کی۔ ڈپٹی اسپیکر نے انہیں صوبائی وزیر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری عبدالرحمٰن کی سربراہی میں وفد نے صوبائی وزیر محنت سے ملاقات کی۔وفد نے مزدوروں کے مسائل اور لیبر قوانین کے نفاذ کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور صوبائی وزیر کو مزدور طبقے کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر لیبر منشاء اللہ بٹ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “مزدور ہمارے معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق راشن کارڈ کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ لیبر فیڈریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ورکرز کی بائیو میٹرک تصدیق جلد مکمل کریں تاکہ کوئی مستحق مزدور محروم نہ رہے۔
منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ کم از کم اجرت کے نفاذ کو یقینی بنانے، مزدوروں کی معاشی خود مختاری، اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جاری ہے اور ورکرز ویلفیئر سکولز میں محنت کشوں کے بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات اور آئی ٹی لیبز فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ “قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن مزدوروں کی فلاح و خوشحالی ہے،” اور یقین دلایا کہ مزدور رہنماؤں کی مشاورت سے لیبر قوانین میں بہتری لائی جائے گی۔ مزدور نمائندوں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو مزدور دوست پالیسیوں کی علمبردار قرار دیتے ہوئے حکومتِ پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔











