لاہور، 29 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڑ پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے منصوبے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، چیئرمین پنجاب رنگ روڑ اتھارٹی فیصل فرید اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے روزانہ رنگ روڑ سے گزرنے والی ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
منصوبے کا مقصد ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانا اور قوانین کی خلاف ورزیوں پر مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کو بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا جائے گا، جہاں سپیڈ ریڈار، اے آئی کنٹرول کیمرے، ویٹ اسٹیشن اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال کی مانیٹرنگ کے جدید نظام نصب کیے جائیں گے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر رنگ روڑ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں قائم کیا جائے گا، جس میں 42 بڑی اور 20 تجزیاتی سکرینیں نصب ہوں گی۔
منصوبہ 871 ملین روپے کی لاگت سے چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور یہ رنگ روڑ اتھارٹی کے ایچ آر ڈویژن کے تحت آپریشنل ہوگا۔











