لاہور، 06 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت روڈ میپ ٹیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں این سی ڈیز (غیر متعدی امراض)، نیوٹریشن پروگرام اور ویجی لینس اسکواڈ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اے ایس ٹیکنیکل، ڈی جی ہیلتھ، روڈمیپ ٹیم کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران تمام ہیلتھ فیسیلیٹیز میں این سی ڈی کلینکس سے متعلقہ سروسز کی فوری بحالی کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جو بھی پالیسی اختیار کی جائے، عوام کو این سی ڈی سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
صوبائی وزیر نے ادویات کی خریداری میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر ڈرگ ایسنشل لسٹ طلب کرلی۔ انہوں نے تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر پر ایک اہلکار کو برخاست کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکار کی فوری بحالی کا حکم بھی دیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ این سی ڈی سروسز مختلف بیماریوں کی اسکریننگ میں محکمہ صحت کی پہلی لائن آف ڈیفنس ہیں۔
انہوں نے واضح ہدایت کی کہ مجھے این سی ڈی کلینکس پہلے جیسی حالت میں واپس چاہئیں۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو این سی ڈی سروسز کی مکمل بحالی کے لیے 7 دن کی مہلت دے دی۔
اس موقع پر خواجہ عمران نذیر کو مریم نواز ہیلتھ ویجی لینس اسکواڈ کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عام عوام کی صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صحت کے شعبے میں صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ ان کی وجوہات کے خاتمے پر بھی توجہ دی جائے تاکہ صحت مند پنجاب کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔











