چار روزہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کامیابی سے کراچی میں اختتام پذیرہوگئی

19

کراچی،06نومبر  (اے پی پی):کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس میں ملکی و غیرملکی اداروں کے درمیان 76 ارب روپے مالیت کی83 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئےہیں۔

 چار روزہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کامیابی سے کراچی میں اختتام پذیرہوگئی۔3 تا 6 نومبر 2025 تک جاری رہنے والا دوسرا ایڈیشن بلیو اکانومی کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میری ٹائم سینچری کے تحت تین ڈیپ سی پورٹس، قومی شپنگ فلیٹ میں توسیع اور گرین ڈیجیٹل پورٹس کا قیام منصوبہ بندی میں شامل ہیں۔کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے شرکاء، ماہرین اور نمائش کنندگان کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ میری ٹائم ایکسپو 2025 سے بحری صنعت میں ترقی اور معاشی خوشحالی کے نئے امکانات روشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی و غیرملکی اداروں کے درمیان  76 ارب روپے مالیت کی 83 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔یہ معاہدے پاکستان میں سٹریٹجک شراکت داری اور بلیو اکانومی میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے عزم کا مظہرہیں۔نمائش میں 44 ممالک کے 178 نمائش کنندگان کی شرکت، عالمی سطح پر پاکستان کی بحری صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔