کوئٹہ،17 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے خسرہ اور روبیلا مہم 2025 کا افتتاح کردیا۔ پیر کے روز ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوئٹہ میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی جانب سے ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں خسرہ اور روبیلا سے بچاﺅ کے ٹیکے اور پولیو سے بچا ﺅکے قطرے پلاکر خسرہ وروبیلا کی12روزہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان انعام الحق، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آفتاب کاکڑ، ضلعی صحت افسر ڈاکٹر ایمل مندوخیل، یونیسیف کے محمد امیری،گیٹس فاﺅنڈیشن کے ٹیکنیکل ممبر ڈاکٹر ظفراقبال خوستی اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاکہ بلوچستان کے 26اضلاع میں خصوصی طورپر پولیو جبکہ صوبے بھر میں روبیلا وخسرہ مہم کاآغاز ہوگیاہے مہم کے دوران 3400ٹیموں کے ذریعے 22لاکھ بچوں کو ٹیکہ جات لگانے اور پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے اور پولیو کے قطرے پلوانے کو یقینی بنائیں، تاکہ وہ خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسے مہلک امراض سے محفوظ رہ سکیں۔وزیر صحت نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ مہم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل بروئے کار لائیں۔دنیا میں یہ بیماریاں ختم ہوگئیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان خصوصاََ بلوچستان میں یہ بیماریاں موجود ہیں،ان بیماریوں کے خاتمے کیلئے ایک مکنزم کے تحت کوششیں کی جارہی ہیں جس کے مثبت نتائج برآمدہوئے ہیں،رپورٹنگ کو ڈی ایچ آئی ایس ٹو پر منتقل کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔











