کمشنر عامر کریم خاں کا ملتان ایوینیو کا اچانک دورہ، تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی کی ہدایت

17

ملتان، 24 نومبر (اے پی پی ):  کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ملتان ایوینیو کا اچانک دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے میں اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے رفتار مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 انہوں نے بتایا کہ ملتان ایوینیو میں مجموعی طور پر 30 گرین پارک ویز قائم کیے جائیں گے جن میں ہر ایک میں شہریوں کے لیے منفرد اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔عامر کریم خاں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سے تین ہفتوں میں گرین بیلٹ اور پارکنگ ایریا کو بطور ماڈل تیار کیا جائے تاکہ شہری منصوبے کی اصل شکل اور معیار کا عملی مشاہدہ کر سکیں۔انہوں نے تعمیراتی مقام پر شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اور وارننگ سائن بورڈز لگانے کی بھی ہدایت دی۔

 کمشنر نے کہا کہ ملتان ایوینیو کی تکمیل سے شہر کی ٹریفک کے نظام اور مجموعی انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔