ملتان، 24 نومبر( اے پی پی ): ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پختہ اور عارضی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا۔
ترجمان ایم ڈی اے کے مطابق خانیوال روڈ پر تجاوزات کے خلاف بڑی کارروائی میں قادرپور راں انٹری گیٹ سے سہو چوک، این ایل سی بائی پاس چوک اور کھاد فیکٹری چوک تک سڑک کی حدود میں قائم پختہ تجاوزات، شیڈ، تھڑے اور تندور مسمار کر دیئے گئے۔
اسی طرح میٹرو روٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دولت گیٹ سے چونگی نمبر 9، چونگی نمبر 6، سیداں والا بائی پاس اور بی زیڈ یو چوک تک دونوں اطراف قائم عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جبکہ ضبط شدہ سامان ایم ڈی اے تحویل میں لے لیا گیا۔
ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بوسن روڈ پر پختہ تجاوزات ازخود ختم کرنے کے لیے میگا فون کے ذریعے مسلسل اعلانات اور وارننگ بھی جاری کیں۔ ترجمان کے مطابق شہر کی خوبصورتی، ٹریفک روانی اور عوامی سہولت کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔











