وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، صوبے میں صحت کے جاری منصوبوں اور کارڈیالوجی مراکز کی کارکردگی جائزہ

35

لاہور، 26 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبے میں صحت کے جاری منصوبوں اور کارڈیالوجی مراکز کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کے شعبے کی مجموعی صورتحال اور منصوبوں کی رفتارِ تکمیل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں تاخیری کلچر کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہے گی، اور دل کے مریضوں کے علاج میں ایک لمحے کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں مری، ساہیوال اور سرگودھا کارڈیالوجی مراکز کے حوالے سے پیش رفت رپورٹس پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے کارڈیالوجی مشینری اور آلات کی فراہمی میں تاخیر پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ مستقبل میں کسی بھی ہسپتال کی تعمیر اس وقت تک مکمل تصور نہیں کی جائے گی جب تک تمام مشینری اور سامان نصب نہ ہو جائے۔ وزیراعلیٰ نے سرگودھا ڈویژن کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ہدایت کی کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو اپریل تک مکمل فعال کر دیا جائے۔ اسی طرح مری کارڈیالوجی سنٹر کو وسط فروری تک مکمل طور پر فعال بنانے کی ڈیڈ لائن جاری کی گئی۔ انہوں نے مری میں کارڈیک سرجری تھیٹر کو فوری مکمل کرنے اور تمام ضروری مشینری فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔  اجلاس میں پیش کی گئی کارکردگی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 57 اسپیشلائزڈ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 83 لاکھ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ 1 ارب 92 کروڑ روپے مالیت کی مفت ادویات مریضوں کو فراہم کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران اسپیشلائزڈ ہسپتالوں میں 7 لاکھ سے زائد بڑی سرجریز، 4 لاکھ 52 ہزار سی ٹی اسکین، 1 لاکھ 43 ہزار ایم آر آئی، اور تقریباً ایک لاکھ انجیوگرافیاں کی گئیں۔ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری میں مجموعی طور پر 1,534 مریضوں کا علاج کیا گیا، جبکہ 48 انجیوگرافیاں اور 374 ایکوز کی گئیں۔ سرگودھا کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں 2,027 مریض رجسٹرڈ ہوئے اور او پی ڈی میں 10 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ 29 لاکھ روپے مالیت کی ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ساہیوال کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں روزانہ 180 سے زائد مریضوں کا علاج، 59 انجیوگرافیاں، 6 انجیو پلاسٹیز اور 3 بائی پاس سرجریز کی جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں جاری تمام منصوبے نہ صرف شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مقصد ہے کہ عوام کو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات بغیر کسی تاخیر کے فراہم کی جائیں، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔