وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیر لیبر منشااللہ بٹ کی مشترکہ صدارت میں اجلاس، ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے مریم نواز راشن کارڈ کے اجرأ پر پیش رفت کا جائزہ

9

لاہور؛ 27 نومبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق اور وزیر لیبر و قدرتی وسائل منشااللہ بٹ کی مشترکہ صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈ کے اجرأ کے جاری عمل کا جائزہ لیا گیا۔  اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب کے ایک لاکھ ورکرز ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (پیسی) کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ جن ورکرز کی اہلیت معیار کے مطابق ہوگی، انہیں فوری طور پر راشن کارڈ جاری کیا جائے گا۔  انہوں نے مزید بتایا کہ جن ورکرز کی ملازمت کی مدت چھ ماہ پوری نہیں ہوتی، ان کا کنٹری بیوشن وزیراعلیٰ پنجاب اپنی جانب سے ادا کریں گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے خصوصی راشن کارڈ کی منظوری دی ہے، جس کے تحت اب کم از کم تین ماہ کی ملازمت والا ورکر بھی اس سہولت کا اہل ہوگا۔ اجلاس میں تکنیکی مسائل کے حل کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جو لوکل گورنمنٹ، پیسی، بینک آف پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔ وزیر محنت منشااللہ بٹ نے کمشنر پیسی کو ہدایت کی کہ تمام مراحل پر ترجیحی بنیادوں پر کام کو یقینی بنایا جائے۔ منشااللہ بٹ نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کے لیے راشن کارڈ کا اجراء جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سے ورکرز کا ڈیٹا ڈیش بورڈ پر فوری اپ لوڈ کیا جائے تاکہ اہل افراد کی تصدیق اور کارڈ کی فراہمی میں شفافیت برقرار رہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ تین ماہ کی ملازمت پوری کرنے والے ورکرز خودبخود اس سہولت کے اہل قرار پائیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں صوبائی وزراء نے آئندہ ہفتے فالواپ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔