ملتان، 01 دسمبر (اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے 27 نومبر سے 30 نومبر 2025 تک جاری رہنے والی خصوصی کارروائیوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق تین روز کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے 1125 چالان کرتے ہوئے 6 لاکھ 40 ہزار 700 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح غیر نمونہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر 456 گاڑیوں کے چالان ہوائے گئے اور 1 لاکھ 39 ہزار 200 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے کے خلاف بھرپور کارروائی بھی جاری رہی، جس کے تحت 1339 موٹرسائیکل سواروں کے چالان کئے گئے اور 26 لاکھ 78 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تین روزہ مہم کے دوران مجموعی طور پر شہریوں کو 8773 چالان جاری کیے گئے جبکہ 66 لاکھ 32 ہزار 600 روپے جرمانے وصول کئے گئے۔ کارروائی کے دوران 1258 گاڑیاں بند کی گئیں اور مختلف خلاف ورزیوں پر 954 ڈرائیورز کو گرفتار کرکے ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔











