اسلام آباد ،01 دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کسی کو طاقت کے ذریعے پارلیمنٹ کی کارروائی کو بلڈوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہی بیٹھ کر پارلیمنٹ کے خلاف سازش کرنے والے ریاست پاکستان کے دشمن ہیں۔
اپوزیشن رکن محمود خان اچکزئی کے پارلیمنٹ میں طاقت کے ذریعے رکاوٹ ڈالنے کے بیان کے حوالے سے اپنے ریمارکس میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ پارلیمنٹ کے تقدس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست مخالف، پاکستان مخالف اور پارلیمنٹ مخالف رجحانات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر شمائلہ رانا نے ایک قرارداد پیش کی، جس میں محمود خان اچکزئی کے اشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت کی گئی، جس میں نفرت کو ہوا دی گئی اور طاقت کا استعمال کرکے پارلیمنٹ میں رکاوٹ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔ قرارداد میں قرار دیا گیا کہ ایسے بیانات توہین آمیز، پاکستانی عوام کے مینڈیٹ کے خلاف اور پارلیمنٹ کے ادارے پر براہ راست حملہ ہیں۔
تاہم، اسپیکر نے قرارداد کو ووٹ کے لیے نہیں ڈالا، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پارلیمنٹ کے تحفظ کو اجتماعی کوششوں سے یقینی بنایا جائے گا اور اس کے لیے رسمی قرارداد کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو مذاکرات میں شامل ہونے اور مسائل حل کرنے کی دعوت دینے کی پیشکش کو دہرایا ہے۔
وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دے رہے تھے۔اعظم نذیر تارڑ نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کے لیے خود شناسی کی اہمیت پر زور دیا اور ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
ایوان نے “فیڈرل پراسیکیوشن سروس (ترمیمی) بل، 2025” اور “قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (ترمیمی) بل، 2025” منظور کر لیا۔ اس کے علاوہ، “انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (ترمیمی) بل، 2025” اور “عمومی شماریات (تنظیم نو) (ترمیمی) بل، 2025” ایوان میں پیش کیا گیا۔
ایوان کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے ہوگا۔











