ملتان،16دسمبر(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد، سیدہ حمیرا شاہ نے پولیو مہم کے سلسلے میں فیلڈ وزٹ کیا اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی، حاضری اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ قومی فریضہ سمجھتے ہوئے مہم کو پوری ذمہ داری اور ایمانداری سے مکمل کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے بستی ماھڑا کا دورہ کیا جہاں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال، گلی محلوں کی حالت اور کوڑا کرکٹ کی منتقلی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر نے بی ایچ یو ماھڑا کا بھی دورہ کیا جہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔
انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔مزید برآں علاقہ میں ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے والی دکانوں کی چیکنگ کی گئی تاکہ حفاظتی اقدامات، قانونی اجازت ناموں اور قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی تنبیہ کی گئی۔
دورانِ وزٹ ایک غیر قانونی منی پٹرول پمپ کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی جس میں سامان ضبط کر لیا گیا، دکان سیل کر دی گئی اور مالک کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر قانونی اور خطرناک کاروبار کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔











