لاہور 16 دسمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب کو بچوں کیلئے محفوظ ترین صوبہ بنانے کے مشن میں اہم سنگ میل عبور کر کیا گیا۔ پنجاب بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جامع چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محکمہ داخلہ میں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصمہ چیمہ، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو راؤ ندیم اختر، پروگرام لیڈ چائلڈ پروٹیکشن یونیسیف پاکستان زاہدہ منظور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی فریم ورک اور تمام متعلقہ اداروں کے مربوط رابطے و حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی فریم ورک فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بچوں پر تشدد، زیادتی اور استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ صوبہ بھر میں چائلڈ پروٹیکشن میکانزم کو مؤثر بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لے آئے ہیں۔ محکمہ داخلہ بچوں کے تحفظ کیلئے “گڈ ٹچ بیڈ ٹچ” آگاہی مہم چلا رہا ہے اور محکمہ سکول ایجوکیشن کے تعاون سے اس آگاہی مہم کو سکول کی ابتدائی کلاسز کے سلیبس میں شامل کیا جا رہا ہے۔
سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کا نفاذ بچوں کیلئے محفوظ اور باوقار معاشرے کے قیام میں معاون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مؤثر رسپانس میکانزم کو یقینی بنائے گی۔ سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر میں قائم چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو محفوظ شیلٹر، خوراک، تعلیم اور صحت کی سہولیات کیساتھ نفسیاتی اور قانونی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی 15 پر بھی بچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے جہاں 3 کا آپشن سلیکٹ کر کے آپ بچوں کے تحفظ سے متعلق پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے اس موقع پر کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری بچوں کے تحفظ کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل ہے اور یہ وزیراعلیٰ پنجاب کی بچوں کے حقوق سے وابستگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی صوبہ بھر میں بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنائے گی۔ بچوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی اور اداروں کے درمیان مؤثر ربط قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو یونیسیف پاکستان کے اشتراک سے کیس مینجمنٹ پر عملدرآمد کر رہا ہے۔











