ملتان،17دسمبر (اے پی پی ):ملتان: کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کی بیوٹیفکیشن اسکیموں سے متعلق ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے جاری اور آئندہ منصوبوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے عیدگاہ کے سامنے زیر تعمیر پارک کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوامی آگاہی کے لیے تھری ڈی ڈسپلے نصب کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور سکیموں کے افتتاح سے قبل مکمل جانچ پڑتال ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے گول باغ پارک میں جاری ترقیاتی کام کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے 24 دسمبر کو خصوصی انسپکشن کروانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معیار بہتر نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کنکریٹ ڈیزائن کے بینچز، جدید پاتھ ویز اور مناسب و دیدہ زیب رنگوں کے استعمال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ گول باغ پارک میں فاؤنٹین لائٹس، گزیبو اور مجموعی طور پر پارک کی روشنی بہتر بنانے کے لیے 35 فٹ بلند لائٹ پولز نصب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ پارکس میں ایسے منفرد اور نایاب پودے لگائے جائیں جو اس سے قبل ملتان میں کہیں موجود نہ ہوں تاکہ شہر کی شناخت اور دلکشی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے شاہ شمس پارک کی جھیل کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار دینے اور یکم جنوری تک مکمل ورکنگ چارٹ پرنٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی، جبکہ اشتہار میں وینڈرز کے لیے مجاز سرگرمیوں اور منصوبے کے دائرہ کار کو واضح کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں نو نمبر چونگی سے کچہری چوک تک فلائی اوور کے لیے بیوٹیفکیشن اسکیم تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے فلائی اوور کے نیچے کے حصے کو ری ڈیزائن کرنے اور فوڈ فیسٹیول کے سامنے کے علاقے کو سرسبز بنانے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ کلمہ چوک کے قریب گرلز اسکول کے اطراف گرین بیلٹس بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ وحدت کالونی گراؤنڈ سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ایم ڈی پی ایچ اے کریم بخش نے بیوٹیفکیشن اسکیموں پر تفصیلی بریفننگ دی۔











