ملتان ، 17دسمبر (اے پی پی )پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بہترین سہولیات کی فراہمی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا جاسکتا ہے ،ان خیالات کااظہار راشد ارشاد حسین ڈائریکٹر جنرل ملتان ڈویپلمنٹ اتھارٹی ملتان نے سپورٹس کمپلیکس ملتان میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کی درخواست پر سکواش کورٹ کی رینوویشن کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔اس موقع پر ڈویژنل کوچز مرزا عدنان ناصر حسین انیس خان و دیگر منتظمین وسکواش پلیئرزبھی موجود تھے۔
عدنان نعیم نےکہا کہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ نے خصوصی طور پر ملتان میں سکواش کورٹ کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے وسط میں جدید سہولیات سے آراستہ سکواش کورٹ تعمیر کرکے سکواش کے شوقین کھلاڑیوں کو تحفہ دیا جس کی رینوویشن کیلئے راشد ارشاد حسین ڈی جی ایم ڈی اے ملتان سے خصوصی درخواست کی گئی تھی جس پر انہوں نے کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہمی کیلئے تزئین و آرائش کا کام کروایا اور اب باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے۔
راشد ارشاد حسین نے کہاکہ سکواش ہرعمر کے لوگوں کا پسندیدہ کھیل ہے موجودہ دور میں جسمانی و ذہنی طور پر بہتری کا ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی درخواست پر سکواش کورٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں ملتان سےبھی سکواش کے کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنے خطے کا نام روشن کرینگے۔











