“ماڈرن پنجاب” کا عملی آغاز: 188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں شفاف نیلامی، جدید سہولیات اور ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام نافذ

14

لاہور، 17 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبے بھر کی 188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں اصلاحات کا جامع پیکج نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت صفائی، اسٹریٹ لائٹس، فنکشنل ٹائلٹس، آکشن شیڈ کے ذریعے براہِ راست اور شفاف نیلامی، ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام اور آف سیزن سبزیوں کی جدید کاشت کے اقدامات شامل ہیں۔ ماڈرن سبزی منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اتھارٹی سے آن لائن ٹریکنگ کے ذریعے سکیورٹی، لائٹنگ اور صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دھوکہ دہی کے سدباب کے لیے تمام منڈیوں میں براہِ راست نیلامی کا نظام متعارف کراتے ہوئے آکشن شیڈ قائم کر دیے گئے ہیں۔ خریداروں اور آڑھتیوں کے لیے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 188 منڈیوں میں تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس بحال کر دیے گئے ہیں۔ صفائی کے نئے نظام کے تحت نیا اسٹاف اور ویسٹ کلیکشن سسٹم نافذ کیا گیا ہے جبکہ تمام منڈیوں میں صاف ستھرے ٹائلٹس مکمل طور پر فعال ہیں۔ نرخوں کی شفافیت کے لیے ریٹ بورڈ آویزاں کیے گئے ہیں۔ خریداری کو دن رات محفوظ اور آسان بنانے کے لیے صوبہ بھر کی ماڈرن سبزی منڈیوں میں 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کے تحت گرین ویسٹ سے بایو گیس اور پولٹری فیڈ تیار کی جائے گی۔ ہر منڈی میں ڈرینج سسٹم بحال کر کے تمام مین ہولز پر ڈھکن لگا دیے گئے ہیں۔ پنجاب میں پہلی بار سبزی اور پھلوں کی طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ٹریکنگ آن ویل سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبے میں داخل ہونے والے ہر سبزی اور پھل کے ٹرک کی سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک ٹریکنگ یقینی بنائی گئی ہے۔ مزید سہولیات کے تحت پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن سبزی منڈیاں قائم کی جائیں گی۔ مری کے عوام کو سستے پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کے لیے سپلائی چین سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جہاں ہول سیل نرخوں پر اشیاء دستیاب ہوں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آف سیزن سبزیوں کے حصول کے لیے جدید طریقۂ کاشت اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ایسے افسران کو نوکری سے فارغ کر کے جیل بھیجنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکرٹریوں کی بھرتی کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر زراعت عاشق کرمانی، معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ، ڈی جی فوڈ امجد حفیظ اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ ہو چکا ہے، اب کوئی مافیا پنپ نہیں سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کرنا ہمارا عزم ہے اور وہ پھل و سبزی منڈیوں کے خود سرپرائز وزٹ بھی کریں گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب میں جاری اصلاحات اتنی مؤثر ہیں کہ دوسرے صوبے بھی تقلید پر مجبور ہو گئے ہیں۔