بھارت میں مسلم خاتون کا زبردستی نقاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف ملتان میں شدید احتجاج

24

ملتان، 18 دسمبر (اے پی پی ): بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون کا مبینہ طور پر زبردستی نقاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف ملتان میں شدید احتجاج کیا گیا۔ ضلعی امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام مذمتی ریلی ضلع کونسل سے چوک کچہری تک نکالی گئی، جس کی قیادت کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم عمر فاروق بھٹی نے کی۔

ریلی میں امن کمیٹی کے اراکین مرزا ارشد قادری، محمد رفیق، سلیم بلالی، علامہ فاروق خان سعیدی، شاہد چاون سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے خاتون کا زبردستی نقاب کھینچنے کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور واقعے کی پرزور مذمت کی۔

اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کا حجاب یا نقاب کھینچنا اس کے وقار اور مذہبی شناخت پر براہِ راست حملہ ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ عمر فاروق بھٹی نے کہا کہ خاتون کے ساتھ بدسلوکی اور تضحیک پر شدید تشویش ہے اور عالمی اداروں کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔

مرزا ارشد قادری نے کہا کہ سیکولر اسٹیٹ کہلانے والے ہندوستان میں اس طرح کا عمل بے حیائی اور عدم برداشت کی عکاسی کرتا ہے۔ مولانا فاروق خان سعیدی نے کہا کہ انڈیا حالیہ حالات کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے، جبکہ سلیم بلالی نے کہا کہ مسلم خاتون کی بے توقیری پر پوری امتِ مسلمہ متحد ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ سے فوری استعفیٰ لیا جائے اور اس واقعے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ خواتین مظاہرین نے اقوامِ عالم سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف اقدام کریں۔