لاہور، 19 دسمبر (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل کاونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) پنجاب بریگیڈیئر مظہر اقبال نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ بھر میں منشیات فروشی کے سدباب سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی سی این ایف کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ کرنل سرفراز خان، ڈائریکٹر آصف شفیع، ڈپٹی ڈائریکٹر میجر فرقان راجہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا اور اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب اور ڈی جی سی این ایف نے منشیات فروشی کے خلاف دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ منشیات کے بڑے ڈیلرز کی سرکوبی اور ڈرگز سپلائی لائن ختم کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور آپریشنل حکمت عملی تشکیل دینے پر بھی غور کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اور کاونٹر نارکوٹکس فورس منشیات کے سمگلرز کی گرفتاری کے لیے انفارمیشن اور ڈیٹا شیئرنگ کو مؤثر بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے سی این ایف کے ساتھ مشترکہ اہداف اور آپریشنل اسٹریٹجی ترتیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “ڈرگ فری پنجاب” ویژن کے تحت انسداد منشیات کے لیے پنجاب پولیس کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس منشیات کے مقدمات کی تفتیش، چالاننگ اور پراسیکیوشن کے عمل میں کاونٹر نارکوٹکس فورس کو تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی، جبکہ دونوں اداروں کے انویسٹی گیشن افسران کے لیے مشترکہ تربیتی ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ ڈی جی کاونٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر مظہر اقبال نے منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں میں سی سی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب پولیس اور کاونٹر نارکوٹکس فورس مل کر صوبے کو منشیات کی لعنت سے پاک کریں گے۔











