پنجاب کے 40 اضلاع کی ڈیجیٹل ماسٹر پلاننگ مکمل، پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کا قیام صوبے میں منظم اور جدید ٹاؤن پلاننگ کی جانب ایک اہم قدم ہے: وزیر بلدیات ذیشان رفیق

11

لاہور، 19 دسمبر (اے پی پی :(وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی (پی ایس پی اے) کا قیام صوبے میں منظم اور جدید ٹاؤن پلاننگ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ پنجاب کے 40 اضلاع کی ڈیجیٹل ماسٹر پلاننگ کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ماسٹر پلاننگ مکمل کرانا مریم نواز حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی نے شرکت کی اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے فیلڈ فارمیشنز کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے بڑی جامعات کے ساتھ ایم او یوز کیے جائیں اور تربیتی سیشنز کے انعقاد کے لیے لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پی ایس پی اے کے تحت ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی حکومتوں کو مؤثر سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیشل پراجیکٹ یونٹ کی جانب سے تیار کردہ ہر تحصیل اور ضلع کا ماسٹر پلان متعلقہ علاقوں میں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر آفس اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر کے باہر آویزاں کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں شاہراہوں پر بھی کیو آر کوڈ کے ساتھ ماسٹر پلاننگ کے معلوماتی بورڈ نصب کیے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ سپیشل پلاننگ اتھارٹی سے متعلق امور کو پنجاب حکومت کے ای-بِز پورٹل کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نقشوں کی منظوری اور کمرشلائزیشن کنورژن کا عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماسٹر پلان میں گرین اور زرعی علاقوں کا واضح تعین کیا گیا ہے اور اب شہری ای-بِز پورٹل کے ذریعے رئیل اسٹیٹ سے متعلق مختلف خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر بلدیات نے پی ایس پی اے کی خدمات سے متعلق مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پلاننگ سپورٹ سسٹم کے ذریعے کسی بھی خلاف ورزی کی فوری رپورٹ سامنے آ جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ایس پی اے کو سیلف سسٹین ایبل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور بغیر ماسٹر پلان کے گرین ایریاز میں ہر قسم کی تعمیرات کو این او سی سے مشروط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل پلاننگ اتھارٹی کے قیام سے صوبائی سطح پر ایک نگران ادارہ وجود میں آ چکا ہے جسے مرحلہ وار مزید متحرک اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ پنجاب میں پائیدار اور منظم شہری ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔