پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی سکیم پر اہم پیشرفت، پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں شامل ہوں گی: بلال اکبر خان

17

لاہور، 20 دسمبر (اے پی پی): پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی سکیم پر عملدرآمد کے سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت ای ٹیکسی سکیم سے متعلق سٹیرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق پہلے مرحلے میں ای ٹیکسی سکیم کے لیے 1100 الیکٹرک گاڑیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ سکیم میں اب تک 22 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور اپروول کے بعد ہر لحاظ سے مکمل درخواستوں کو ای بیلٹنگ کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ انفرادی درخواست گزاروں کے لیے مختص گاڑیوں کی تعداد میں ضرورت کے مطابق اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے سکیم پر تمام کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ ای ٹیکسی سکیم کے ذریعے خواتین کو بھی باعزت اور بہترین روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے لیے نہایت آسان شرائط رکھی گئی ہیں اور اس منصوبے میں سود کا سارا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔ بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ ای ٹیکسی سکیم سے ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کو فروغ ملے گا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ مرحلے میں اس سکیم کا دائرہ کار مزید شہروں تک بڑھایا جائے گا۔