لاہور، 31 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے سال 2025 میں صوبے بھر میں تاریخی اقدامات کیے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں 1100 الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا، جن میں فروری 2025 میں لاہور میں پائلٹ بنیادوں پر 27 بسیں چلائی گئیں۔ پہلے مرحلے میں چین سے 200 بسوں کی ڈیلیوری کے بعد میانوالی، ساہیوال، سرگودھا، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، فیصل آباد، وزیرآباد اور پاکپتن سمیت مختلف اضلاع میں الیکٹرک بس سروس شروع کی گئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں راولپنڈی، بہاولنگر، جہلم اور جھنگ میں مزید 200 بسیں شامل کی گئیں۔ فروری 2026 تک مزید 700 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ جدید سہولیات سے آراستہ ان بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور میں پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ گرین بس ڈپو قائم کیا گیا اور میٹرو و الیکٹرک بسوں کے کرایہ نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا۔ طلبہ کیلئے بلا سود بائیکس سکیم کے تحت 20 ہزار سے زائد بائیکس فراہم کی گئیں، جبکہ یتیم طلبہ کو مفت بائیکس دی گئیں۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نئے ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ سال 2025 میں سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا گیا، لاکھوں گاڑیوں کا معائنہ ہوا اور معیار پر پورا اترنے والی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے افسران کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بسوں کو تحصیل سطح تک توسیع دی جائے گی اور نئے سال میں عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











