لاہور، 3 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس طرح قوم نے معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی، اسی عزم اور جذبے کے ساتھ معرکۂ معیشت میں بھی ترقی حاصل کریں گے۔ انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کی سابق طلبہ (المنائی) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج ملک میں تعمیر ہونے والے ڈیمز ہوں یا صنعتیں، ہر بڑے قومی منصوبے کے پیچھے انجینئرز کا کلیدی کردار ہے۔ انجینئر وہ فرد ہے جو انسانی مسائل کا عملی اور دیرپا حل پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے سفر میں انجینئرنگ شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس دنیا بھر میں انقلابی تبدیلیاں لے کر آ رہی ہے اور ہماری نسل نے تختی سے لے کر فائیو جی ٹیکنالوجی تک کا سفر اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو اپنائیں تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بن سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارتِ منصوبہ بندی ہر ترقیاتی منصوبے کے ساتھ ایک سالہ انٹرن شپ پروگرام متعارف کروائے گی تاکہ نوجوان انجینئرز اور گریجویٹس کو عملی تجربہ حاصل ہو اور وہ قومی منصوبوں میں براہِ راست کردار ادا کر سکیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج ملک کی معیشت سنبھل رہی ہے اور ہمیں اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے اسی جذبے، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کرنا ہو گا جس کا مظاہرہ قوم نے معرکۂ حق کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی کوشش اور پیشہ ورانہ مہارت ناگزیر ہے۔ تقریب میں وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، سابق طلبہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔











