ملتان، 05 جنوری (اے پی پی ): شہرِ اولیاء کے شہریوں کے لیے سہولیات میں ایک اور خوشگوار میں اضافہ، کمشنر ملتان نے گل گشت کے علاقے میں واقع گول باغ پارک کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جسے طویل عرصے سے بوسیدہ حالت کے بعد ازسرِنو جدید اور خوبصورت تفریح گاہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق اور منیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کریم بخش بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ گول باغ پارک اب شہریوں، فیملیز اور بچوں کے لیے ایک محفوظ، پُرکشش اور معیاری تفریحی مقام بن چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پارک میں واک ٹریکس، سرسبز لان، جدید نشست گاہیں اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ شہری صحت مند اور خوشگوار ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں۔ کمشنر ملتان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت شہر کو سرسبز، خوبصورت اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ گول باغ پارک کی طرز پر شہر کے دیگر پارکوں کو بھی جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ مختلف پارکوں میں مرحلہ وار تزئین و آرائش اور بہتری کا عمل جاری ہے۔اس موقع پر ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کریم بخش نے بتایا کہ گول باغ پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی پر 55 لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور یہ منصوبہ پی ایچ اے ملتان کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔











