وزیرِ تجارت جام کمال خان کا بن قاسم آٹو موٹیو کلسٹر کا دورہ، مقامی آٹو انڈسٹری کی ترقی پر اطمینان

53


کراچی، 10 جنوری ( اے پی پی): وزیرِ تجارت جام کمال خان نے بن قاسم آٹو موٹیو کلسٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی آٹو انڈسٹری کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ تجارت نے پاکستان میں عالمی معیار کے آٹو پارٹس کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث آنے والے برسوں میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی حوصلہ شکنی سے لوکل آٹو انڈسٹری کو تقویت ملے گی اور پاکستان میں مقامی گاڑیوں کی پیداوار 5 سے 10 لاکھ یونٹس تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ وزیرِ تجارت نے بن قاسم آٹو کلسٹر میں انڈیجینائزیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے مقامی آٹو پارٹس مینوفیکچررز کو مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

‎جام کمال خان کا کہنا تھا کہ مقامی آٹو انڈسٹری معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر  آٹو فنانسنگ پر 30 لاکھ روپے کی حد ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور حکومتی اقدامات کو مقامی صنعت کے لیے مثبت اور حوصلہ افزا قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق آٹو فنانسنگ میں سہولت سے مقامی سطح پر تیار گاڑیوں کی مانگ میں تیزی آئے گی۔