وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، پنجاب میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

12

لاہور، 15 جنوری (اے پی پی): مختلف شعبوں اور کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے امریکی وفد نے محسن شاہنواز رانجھا کی سربراہی میں ٹرانسپورٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے امریکی وفد کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں الیکٹرک ویکلز کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 2030 تک کم از کم 30 فیصد ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک ویکلز پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

اجلاس میں پنجاب میں ای ویکلز کے فروغ، سموگ کے خاتمے اور بڑھتی ہوئی فیول قیمتوں کے تناظر میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ صوبے کو سموگ سے نجات دلانے کے لیے حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں اور پنجاب کے تمام اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک بسیں صوبے کے تمام اضلاع میں متعارف کروائی جائیں گی۔

بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ صوبے میں الیکٹرک ویکلز کے فروغ کے لیے نئی ای پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پہلی ای ٹیکسی سروس بھی جلد شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کمرشل ای ویکلز میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی اور چاہتی ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ کمرشل گاڑیاں بھی الیکٹرک نظام پر منتقل ہوں، خصوصاً الیکٹرک ٹرکوں کے شعبے میں پیش رفت کی جائے۔

اس موقع پر امریکی وفد نے حکومت پنجاب کے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم اور جاری منصوبوں کو سراہا اور صوبے میں کمرشل ای ویکلز، بالخصوص الیکٹرک ٹرکوں کو متعارف کروانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔