وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کا میاں منظور وٹو کے انتقال پر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت

13

لاہور،24 جنوری ( اے پی پی):  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ آمد، وفاقی وزیر نے مرحوم کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اہل خانہ میں ڈی جی پیمرا پنجاب عائشہ منظور وٹو، سابق رکن قومی اسمبلی روبینہ وٹو، جہاں آراء وٹو، معظم وٹو، بلال احمد ورک اور خرم وٹو شامل تھے۔ عطاء اللہ تارڑ نے مرحوم میاں منظور وٹو کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعائے مغفرت کی۔

‎اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میاں منظور وٹو ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دادا، سابق صدرِ مملکت رفیق تارڑ مرحوم کے ساتھ میاں منظور وٹو کا عزت و احترام پر مبنی رشتہ تھا۔

‎عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کی خدمات قابلِ تحسین رہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظور وٹو نے رکھ رکھاؤ اور شائستگی پر مبنی سیاست کو فروغ دیا اور ہمیشہ برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی کردار ادا کیا۔

‎وفاقی وزیر نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔