ملتان، 28جنوری(اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل سلیکشن اینڈ پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 7 قانون گو افسران کو نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
ڈی پی سی اجلاس میں خضر حیات، محمد نواز، محمد رمضان، جبار احمد، فرخ جلیل، غلام شبیر اور محمد صفدر کو نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والے تمام افسران کا تعلق قانون گو کیڈر سے ہے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ دو ماہ کے عرصے میں یہ دوسرا پروموشن بورڈ ہے، جس کے بعد تمام مجاز اسامیاں پُر کر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل منعقد ہونے والے پروموشن بورڈ میں 16 قانون گو افسران کو ترقی دی گئی تھی۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ترقی پانے والے نائب تحصیلداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ایمانداری، دیانت داری اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیانت، پیشہ ورانہ اہلیت اور عوامی خدمت ہی ترقی کا اصل معیار ہے۔
کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ جن قانون گو افسران نے ڈیپارٹمنٹل امتحان پاس نہیں کیا یا جو اینٹی کرپشن اور پیڈا انکوائری کے تحت ہیں، انہیں پروموشن نہیں دی گئی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بدعنوانی یا نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو ارشد گوپانک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو فہد بھی موجود تھے۔











