لاہور، 30 جنوری (اے پی پی): دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور میں تین روزہ بسنت کے حوالے سے جاری ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ لاہور میں پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کے خلاف کڑی نگرانی کی جائے اور بسنت سے متعلق حکومتی ایس او پیز کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے مطابق صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ یکم فروری سے قبل لاہور میں پتنگوں اور ڈوروں کی خرید و فروخت کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2902 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2819 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 2 لاکھ 36 ہزار 701 پتنگیں اور 4 ہزار 776 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسداد پتنگ بازی کے دوران 1304 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 79 ہزار 772 پتنگیں اور 1314 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس حکام کو دیں۔











