یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ملازمین کیلئے ریلیف پیکج کی منظوری، وزیراعظم وژن کے مطابق ملازمین کے حقوق وعزت کا تحفظ اولین ترجیح ، ہارون اختر خان

13

اسلام آباد۔4فروری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ملازمین کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی ہے تاکہ متاثرہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

 یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن  کی مینجمنٹ اور ملازمین کے درمیان ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کی۔ اس اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور نیشنل ورکرز یونین کے درمیان باضابطہ سیورنس اور معاوضے کا معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا۔معاہدے کے تحت متاثرہ ملازمین کو مکمل سیورنس/کمپینسیٹری پیکج فراہم کیا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط کے بعد ملازمین میں چیکس کی تقسیم کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان مکمل مالی تعاون فراہم کرے گی تاکہ تمام اہل ملازمین کو بروقت اور شفاف ادائیگیاں یقینی بنائی جا سکیں۔ معاہدے کے مطابق ادائیگیاں مرحلہ وار کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 40 فیصد اور اس کے بعد دو مزید قسطوں میں ہر ایک 30 فیصد۔معاہدے میں سالانہ انکریمنٹس برائے 2024 اور 2025 بھی پیکج میں شامل ہیں۔

 ملازمین کی اکثریت نے رضا کارانہ طور پر پیکج قبول کر لیا ہے جو حکومت کی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے عزم کا مظہر ہے۔ ہارون اختر خان نے دوبارہ یقین دہانی کرائی کہ حکومت مشکل حالات میں مزدوروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ملازمین کے حقوق اور عزت کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے لیے متاثرہ خاندانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ملازمین کے لیے ریلیف، انصاف اور استحکام یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔