یومِ یکجہتی کشمیر، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پیغام

19

اسلام آباد،5 فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران  انجینئر امیر مقام نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال پانچ فروری کو پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے اظہار کے لیے متحد ہو جاتے ہیں۔ ہم ان کی حقِ خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں، جیسا کہ متعلقہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج ہے۔جموں و کشمیر کا تنازعہ دنیا کے قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے اور 1948 سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ یہ تنازع بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث تاحال حل طلب ہے، بھارت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیری عوام کو ان کا وعدہ کردہ حقِ خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔

بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں زندگی نہایت دشوار ہے اور کشمیری عوام کو ظالمانہ بھارتی نظام کے تحت شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے آج بھی جیلوں میں قید ہیں اور ہزاروں کشمیری سیاسی کارکنوں کو بلاجوازحراست میں رکھا گیا ہے،اظہارِ رائے کی آزادی بھی سختی سے محدود ہےجبکہ مقامی میڈیا کو سرکاری بیانیے کی پیروی پر مجبور کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ہم عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ کو یاد دلاتے ہیں کہ کشمیری عوام آج بھی اس آزاد اور غیر جانبدار رائے شماری کے منتظر ہیں جس کا وعدہ انہیں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کیا گیا تھا۔

پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا اور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر انکی حمایت جاری رکھے گا، اسوقت تک کہ انصاف فراہم کیا جائے اور ان کا وعدہ کردہ حقِ خودارادیت حاصل ہو جائے۔