بلوچستان میں ‘آپریشن رد الفتنہ-1’  مکمل، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے 216 دہشت گرد جہنم واصل

12

 

راولپنڈی ،5فروری  (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں ‘آپریشن رد الفتنہ-1’  کامیابی سے مکمل کر لیا   ہے، انٹیلی جنس پر مبنی اس مربوط کارروائی کے دوران 216 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو مفلوج کر دیا گیا ۔

 یہ آپریشن ‘فتنہ الہندوستان’ کی جانب سے صوبے کے امن اور ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی منظم سازشوں کے خلاف ایک موثر اور دندانِ شکن جواب ہے ، اس آپریشن نے جہاں  دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کا خاتمہ کیا وہیں یہ ریاستِ  کے اس عزم کا بھی عکاس ہے کہ ملکی سلامتی اور معصوم شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری 2026 کو ضلع پنجگور اور ہرنائی کے مضافات میں معتبر اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز کا آغاز کیا گیا جہاں دہشت گردوں کی موجودگی سے مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق تھے۔  سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے وابستہ 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، سکیورٹی فورسز کے دلیرانہ ردعمل نے بلوچستان کے امن کو غیر مستحکم کرنے کے لیے “فتنہ الہندوستان” کی مایوسانہ کوششوں کو خاک میں ملا دیا۔