ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا سرکاری دورہ

12

راولپنڈی ۔5فروری  (اے پی پی):جمہوریہ ازبکستان کے صدر  شوکت مرزائیوف  نے اپنے سینئر وزرا کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) کا سرکاری دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق   چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے   معزز مہمان اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز  کا دورہ کرایا۔ دورے کے دوران صدر ازبکستان کو جی آئی ڈی ایس کے متنوع دفاعی اور صنعتی پورٹ فولیو پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں جدید دفاعی نظام، صنعتی صلاحیتیں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبے شامل تھے۔

 وفد نے اہم پیداواری یونٹس کا معائنہ کیا اور مختلف دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا جو پاکستان کی مقامی دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاس ہیں۔ اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 دونوں فریقین نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ دورہ پاکستان اور جمہوریہ ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔