وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا پمز اور پولی کلینک ہسپتال کا دورہ، زخمیوں کی عیادت

14

اسلام آباد، 7 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد کے امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے بعد پمز اور پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا اور زیرِ علاج زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ صحت نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے جبکہ زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب ہو۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد پمز اور پولی کلینک ہسپتال کو الرٹ کر دیا گیا تھا اور وزارتِ صحت کے سینئر افسران تمام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 149 کیسز پمز منتقل کیے گئے جن میں 28 ڈیڈ باڈیز شامل تھیں جبکہ پمز میں زیرِ علاج 121 زخمیوں میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار ڈیڈ باڈیز اور 13 زخمی پولی کلینک منتقل کیے گئے جہاں 13 میں سے چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وفاقی وزیرِ صحت کے مطابق ہسپتالوں میں خون، ادویات، ڈاکٹرز اور سرجنز کی کوئی کمی نہیں اور اب تک کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں 10 آپریشن تھیٹر مکمل طور پر فعال ہیں اور تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والا طبی اور پیرامیڈیکل اسٹاف طلب کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 60 سے زائد بلڈ کی بوتلیں زخمیوں کو منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ اب تک 20 بڑے آپریشن مکمل ہو چکے ہیں اور 4 سے 6 مزید آپریشن جاری ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اب تک موصول ہونے والے زخمیوں میں کسی بھی مریض کی ہلاکت نہیں ہوئی اور زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔