اسلام آباد، 6 فروری ( اے پی پی): چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترلائی امامبارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش بم حملے کے زخمیوں کی عیادت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیر علاج مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے ڈی سی اسلام آباد اور دیگر افسران کے ہمراہ ترلائی امامبارگاہ خدیجتہ الکبریٰ کا بھی دورہ کیا، جہاں دھماکے سے متاثرہ حصوں میں تعمیر و مرمت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مرمتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے امامبارگاہ و مسجد خدیجتہ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بزدلانہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت، امن اور مذہبی ہم آہنگی پر کھلا حملہ ہے۔
محمد علی رندھاوا نے دھماکے کے شہداء کے لیے مغفرت اور بلند درجات جبکہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ ہم اس اندوہناک واقعے میں شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اسلام آباد میں ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی کے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











