اسلام آباد، 09 فروری (اے پی پی) :وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت مالی شفافیت،مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بناتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے شہر العلا میں ابھرتی معیشتوں کی کانفرنس کے موقع پر خودمختار قرضوں کے چیلنجز سے متعلق اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا انعقاد سعودی حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ کے اشتراک سے کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے سرکاری قرضے ترقی پذیر معیشتوں کے لیے دباؤ کا باعث ہیں، تاہم پاکستان نے نظم و ضبط پر مبنی معاشی پالیسیوں اور مؤثر قرضہ مینجمنٹ کے ذریعے استحکام کی جانب پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے قرضوں کے انتظام کو بہتر بنانے،ادائیگی کے بوجھ کو متوازن رکھنے اور مالی خطرات کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں،جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے قرضوں کے پائیداری جائزے کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس سے مالی نظم و نسق بہتر ہوا ہے اور عالمی شراکت داروں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے محصولات میں بہتری،ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ڈیجیٹل اقدامات کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔











