پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں،ہارون اختر خان

13

 

 

اسلام آباد، 10 فروری (اے پی پی ): وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے جاپان پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک صنعتی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کی معاشی ترقی نظم و ضبط اور مؤثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے،جس سے پاکستان سیکھتے ہوئے اپنی صنعتی بنیاد کو مستحکم بنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹو موبائل سمیت مختلف شعبوں میں جاپانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اہم ہے اور متعدد جاپانی کمپنیاں پاکستان میں روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔

ہارون اختر خان نے بتایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی،خصوصی اقتصادی زونز، صنعتی اصلاحات اور برآمدات کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔ نئی توانائی گاڑیوں کی پالیسی اور گرین موبیلٹی جیسے اقدامات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے اور آٹو موبائل،آئی ٹی، کلین انرجی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں مزید شراکت داری کا خواہاں ہے۔