ملتان،10فروری(اے پی پی):ملتان ڈویژن میں سہولت بازاروں کے قیام کے لیے موزوں سرکاری زمین کی نشاندہی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے چیئرمین محمد افضل کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ سہولت بازاروں کے لیے صرف ملکیت اور قبضہ دونوں حوالوں سے سرکاری زمین کی نشاندہی کی جائے، نجی یا متنازع زمین قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ چیئرمین سہولت بازار اتھارٹی نے بتایا کہ اسٹال ہولڈرز کو کم کرایہ، مفت بجلی، صفائی اور سیکیورٹی کی سہولت دی جائے گی جبکہ کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ سہولت بازاروں کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور مہنگائی میں کمی لانا ہے۔ اجلاس میں زمین کی عدم دستیابی کی صورت میں سہولت آن دی گو آپشن پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے 48 سے 72 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔











